کراچی شہر سے مجموعی طور پر رواں سال 597 بچے اور بچیاں لاپتہ اور اغواء ہوئے، 579 بچوں کو تلاش کرلیا گیا۔
لوٹ مار کے بڑھتے واقعات کے بعد شہر قائد میں بچے بھی لاپتہ ہونے لگے ہیں، کراچی میں رواں سال کے 6 ماہ کے دوران 597 بچوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج ہوئی۔
غیر سرکاری تنظیم کے مطابق جون میں سب سے زیادہ 126 بچے اغوا یا لاپتہ ہوئے، ضلع شرقی میں 130 بچوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج ہوئی، جنوری ميں 108، فروری ميں 85، مارچ میں 80، اپريل میں 103 اور مئی میں 95 بچے لاپتہ ہوئے۔
زیادہ تر واقعات گلشن اقبال، بلديہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، محمود آباد، نمائش، گڈاپ، ماڑی پور اور گلستان جوہر میں پیش آئے۔ شہر کے تمام اضلاع سے 597 بچوں کی گمشدگی کی رپورٹس درج ہوئیں تو پولیس بھی حرکت میں آئی اور مقدمات درج ہونے کے بعد 579 بچوں کو تلاش کرلیا گیا۔
لیکن اٹھارہ بچے بچیاں اب بھی لاپتہ ہیں۔ جن کی کوئی خیر خبر نہیں، ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب کوئی باقاعدہ بچوں کو اغواء میں ملوث گینگ سرگرم نہیں، زیادہ تر بچے گھر والوں سے ناراض ہوکر گئے یا بچیوں نے شادیاں کیں۔
ضروری امر یہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو فراہم کردہ الیکٹرونکس ڈیوائس کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں تاکہ ایسے واقعات کو ہونے سے قبل روکا جاسکے۔