بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے ایک نجی اسپتال میں 5 مسلح افراد نے بیڈ پر لیٹے مریض کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ پیرس اسپتال میں پیش آیا جہاں چندن مشرا نامی ایک مجرم علاج کی غرض سے داخل تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں حملہ آوروں کو کمرے میں داخل ہو کر فائرنگ کرتے اور فرار ہوتے دیکھا گیا۔
اسپتال میں موجود مریض چندن مشرا، درجنوں قتل کے مقدمات میں ملوث ایک خطرناک مجرم تھا، جسے طبی بنیادوں پر پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ممکنہ طور پر ایک مخالف گینگ کی کارروائی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کارتکیہ شرما کا کہنا ہے کہ چندن مشرا ایک خطرناک مجرم تھا جس کے خلاف قتل کے درجنوں مقدمات درج تھے۔ اُسے پیرول پر علاج کے لیے اسپتال لایا گیا تھا۔ چندن شیرو گینگ کے مد مقابل گینگ نے اُسے نشانہ بنایا۔ ہم حملہ آوروں کی شناخت کر رہے ہیں۔
پولیس اسپتال کے سیکیورٹی عملے کے کردار کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ کہیں حملہ آور اس کی مدد سے تو اندر داخل نہیں ہوئے۔