اسلام آباد ایکسائز کے ڈائریکٹر بلال اعظم نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایکسائز ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے گاڑی چوری کو ناممکن بنانے جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر بلال اعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ایکسائز اسلام آباد جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے چوری کی گاڑی کو پکڑنے کا فول پروف نظام لے کر آ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھرڈ نمبر پلیٹ کے ذریعے سیف سٹی کیمرے کسی بھی گاڑی کی موومنٹ فوری ریکارڈ کر کے لوکیشن معلوم کر سکیں گے، ٹیکنالوجی کے ذریعے گاڑی کی ٹرانسفر کو پیپر لیس بھی بنایا جا رہا ہے، گاڑی کی ٹرانسفر اب موبائل پر چہرے کی شناخت اور موبائل بائیو میٹرک سے بھی ممکن ہوسکے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیگ جو ہر گاڑی کی تھرڈ نمبر پلیٹ کا کام کرے گا، چوری شدہ گاڑی کی نمبر پلیٹ تبدیل بھی کردی جائے تب بھی سیف سٹی کیمرہ اسے پہچان لے گا، ٹیکس ڈیفالٹر گاڑی بھی پکڑی جا سکے گی۔
اسلام آباد ایکسائز کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ گاڑی کی ٹرانسفر کو بھی پیپر لیس کیا جا رہا ہے، پھر گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ بھی ہمراہ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کا کہنا ہے کہ گذشتہ مالی سال میں 23 ارب 34 کروڑ کی ریکارڈ ٹیکس کلیشن بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے ممکن ہوئی، آن لائن ٹوکن، بائیو میٹرک ٹرانسفر سمیت ہر شعبے میں ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے۔