گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں موسلا دھار بارشوں کے باعث شاہراہ تھک بابوسر میں سیلابی ریلوں میں سیاحوں کی 8 گاڑیاں بہہ گئیں، تین سیاح جاں بحق، 15 سے زائد لاپتا ہوگئے۔
شاہراہ بابوسر پر پھنسے سیاح ریسکیو، مقامی آبادی نے پناہ دے دی، چلاس جلکھڈ روڈ اور شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر بند ہوگئی، غذر میں آسمانی بجلی گرنے سے چار مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد مکانات، اسکول اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سےندی نالوں میں طغیانی ہے۔
ترجمان جی بی حکومت کے مطابق شاہراہ تھک بابوسر میں سیلابی ریلوں میں سیاحوں کی 8 گاڑیاں بہہ گئی ہیں، تین سیاحوں کی لاشیں نکال لی گئیں، چار سیاحوں کو بچا لیاگیا، سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہے۔
سیلاب کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں، سیکڑوں سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، ریسکیو کیے گئے سیاحوں کو مقامی آبادی نے اپنے گھروں میں پناہ دی ہے۔
ضلع غذر میں آسمانی بجلی گرنے سے چار مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں درجن سے زائد مکانات، اسکول کی عمارت، کھڑی فصلوں اور درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اپر کوہستان کی تحصیل کندیا میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی سے مکانات، واٹر چینلز اور پن چکیوں کو نقصان پہنچا۔ بارش کے باعث کیچڑ اور پتھر آنے سے شاہراہ کاغان جل کھڈ کے مقام پر بند ہے، پاراچنار اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش کے بعد بارانی ندی نالوں اور دریائے کرم میں طغیانی ہے۔
اٹھ مقام، گریس ویلی سمیت آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش سےندی نالوں میں طغیانی ہے، سیلابی ریلوں سے رابطہ سڑکیں متاثر ہیں۔