وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بھی موسلادھاربارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش سیدپور ویلیج میں ریکارڈ کی گئی۔ متعدد گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں موسلادھاربارش، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے باعث سیدپور ولیج کے نالے میں ظغیانی آگئی، متعدد گاڑیاں سیلابی ریلےمیں بہہ گئیں۔ بارش کا زور کم ہوا تو اسلام آباد انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے مل کر گاڑیوں کو نالے سے نکالا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ سیدپور ویلیج میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کی وجہ سے پانی نشیبی علاقوں تک آ گیا، بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ختم کرنے کے لیے جاری آپریشن مزید تیز کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں سب سے زیادہ سیدپور ویلیج میں ہی تقریباً 3 گھنٹوں کے دوران 143 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔