کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان کی طرح انڈونیشیا میں بھی نوزائیدہ اور کمسن بچوں کی اسمگلنگ میں ملوث ایک بڑا گروہ پکڑا گیا ہے۔ گروہ کی تحویل سے چھ نوزائیدہ بچے بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔ انڈونیشیا کی پولیس نے بچوں کی اسمگلنگ کرنے والے ایک بین الاقوامی گروہ کا انکشاف کیا ہے جس نے مبینہ طور پر گزشتہ دو برسوں میں انڈونیشیا سے سنگاپور کم از کم 25نوزائیدہ بچوں کو فروخت کیا ہے۔ حکام نے رواں ہفتے انڈونیشیا کے شہروں پونٹیاناک اور تانگیرانگ میں اس گروہ سے متعلق 13 گرفتاریاں کیں اور چھ بچوں کو بازیاب کروایا جو اسمگل کیے جانے والے تھے۔ یہ سب بچے ایک سال سے بھی کم عمر تھے۔ ویسٹ جاوا پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کریمنل انویسٹی گیشن سوروان نے میڈیا کو بتایا کہ ’بچوں کو پہلے پونٹیاناک میں رکھا گیا تھا اور سنگاپور بھیجنے سے قبل ان کی امیگریشن دستاویزات کا انتظام کیا گیا تھا۔