شہر قائد کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے، ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر نے بتایا کہ خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، ہوا کا کم دباو 28 جولائی تک ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ سسٹم کے اثرات سندھ میں محدود نظر آ رہے ہیں، بالائی اور مشرقی سندھ میں اس سسٹم سے کچھ بارش ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر نے یہ بھی بتایا کہ اگست کےابتدائی دنوں میں بھی کوئی مون سون سسٹم سندھ پر اثرانداز ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔