بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے ممبئی ٹرین دھماکوں میں 12 مسلمانوں کی بریت کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 19 سال بعد بمبئی ہائی کورٹ نے تمام ملزمان کو بری کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا جسے مہاراشٹر کی حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو بطور عدالتی نظیر بھی استعمال نہیں کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے رہا کیے گئے 12ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ 11 جولائی 2006ء کو ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں 7 بم دھماکوں میں 189 افراد ہلاک جبکہ 824 زخمی ہوئے تھے۔
2015ء میں بھارت کی خصوصی عدالت نے اِس کیس میں 12 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 5 کو سزائے موت اور 7 کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
علم میں رہے کہ ایک ملزم کا اپیل کے دوران انتقال ہو چکا ہے۔