فرانسیسی صدر میکرون نے اہلیہ کے مرد ہونے سے متعلق پروپیگنڈے پر امریکی میزبان کینڈس اووَنز کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔
فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجیت میکرون نے امریکی میزبان کینڈس اووَنز کے خلاف 22 نکاتی ہتکِ عزت کا مقدمہ امریکی ریاست ڈیلاویئر کی سپیریئر کورٹ میں دائر کر دیا ہے۔
مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ اووَنز نے جھوٹے اور توہین آمیز دعوؤں کے ذریعے جوڑے کی ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔
ایوانِ صدر کے وکیل ٹام کلیئر کے مطابق اووَنز نے ایک منظم مہم کے تحت بریجیت میکرون کے مرد ہونے سے متعلق جھوٹی سازشی تھیوری کو ناصرف پھیلایا بلکہ یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز کے ذریعے مسلسل عوام کو گمراہ کیا۔
مقدمے میں درج ہے کہ کینڈس اووَنز نے مارچ 2024ء میں ایک ویڈیو جاری کی جس کا عنوان تھا کہ کیا فرانس کی خاتونِ اول مرد ہیں؟
اس ویڈیو میں انہوں نے بریجیت میکرون کی صنف کے بارے میں بے بنیاد الزامات لگائے اور بعدازاں اسی موضوع پر ایک ویڈیو سیریز Becoming Brigitte کے نام سے جاری کی، جسے لاکھوں ناظرین نے دیکھا۔
اووَنز نے ویڈیوز کے علاوہ دعوؤں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے متنازع پرنٹس پر مبنی ملبوسات اور مصنوعات بھی فروخت کیں۔
وکیل کلئیر نے میڈیا کو بتایا کہ میکرون جوڑے نے ایک سال تک اووَنز سے ان دعوؤں کو روکنے کی درخواست کی اور انہیں جھوٹا قرار دینے کے لیے ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے، جس میں یہ واضح کیا گیا کہ بریجیت میکرون کی پیدائش بطور خاتون بریجیت ترونیو کے نام سے ہوئی، ان کا صدر میکرون سے کوئی خونی رشتہ نہیں ہے اور وہ کسی بیرونی یا خفیہ ادارے کے دباؤ یا کنٹرول میں نہیں ہیں۔
مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا کہ اووَنز کے ان جھوٹے بیانات کی وجہ سے میکرون خاندان کو نفسیاتی، معاشرتی اور مالیاتی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان کی نجی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
مقدمے کے بعد کینڈس اووَنز نے انسٹاگرام پر طنزیہ انداز میں جوڑے کی تصویر شیئر کی اور کیپشن دیا کہ آج اس وِگ کا بندوبست ہونے جا رہا ہے۔ تیار رہیں، بعدازاں یوٹیوب پر ویڈیو بیان میں انہوں نے مقدمے کو ایک بچکانہ اور مایوس کن پبلک ریلیشن حربہ قرار دیا۔
میکرون جوڑے نے اووَنز اور ان کے کاروباری اداروں کے خلاف ہتکِ عزت، جھوٹ پر مبنی تشہیر اور بدنامی پھیلانے کے تحت کارروائی کی ہے اور جرمانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
وکیل کلیئر کے مطابق اگر اووَنز اس دعوے پر ڈٹی رہیں تو ہرجانے کی رقم خاصی بھاری ہو سکتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بریجیت میکرون کو اس طرح کے دعوؤں کا سامنا کرنا پڑا ہو، 2022ء میں انہوں نے فرانس میں دو خواتین کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا تھا جو سوشل میڈیا پر یہی افواہیں پھیلا رہی تھیں، ابتدائی فیصلے میں بریجیت کو کامیابی ملی، تاہم اپیل کے بعد معاملہ اب فرانس کی اعلیٰ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔