راولپنڈی کے علاقے پیرو دھائی میں غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون کے قتل کا انکشاف ہوا ہے، علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس نے خاتون کی قبر کشائی کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی میں غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون کو جرگے کے حکم پر قتل کر دیا گیا، پولیس نے واقعہ میں ملوث 8 افراد کو گرفتار کرلیا، جرگہ لڑکی اور اس کے شوہر کے خاندانوں پر مشتمل تھا۔ گرفتار افراد میں جرگے میں شامل افراد کے علاوہ قبرستان کے سیکریٹری اور گورکن بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق قتل کا واقعہ 17 اور 18 جولائی کی درمیانی شب پیش آیا، پولیس تفتیش کے مطابق 19 سالہ لڑکی کی شادی 7 ماہ پہلے جنوری میں ہوئی تھی۔
مقتولہ کے شوہر ضیاء الرحمان نے قتل کے چار دن بعد 21 جولائی کو ایف آئی آر بھی درج کروائی کہ اس کی بیوی گھر سے بھاگ گئی ہے اور عثمان نامی شخص سے غیر شرعی نکاح کر لیا ہے۔
پولیس کی درخواست پر علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس نے مقتولہ کی قبر کشائی کے احکامات جاری کردیے، عدالت نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ہفتہ کو قبر کشائی کے دوران عملے کو سیکیورٹی دی جائے، پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ اسے کیسے قتل کیا گیا۔
مجسٹریٹ نے خاتون کے ورثاء کو بھی 26 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیا۔