پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما، سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ بھارتی سابق وزیرِ داخلہ پی چدم برم نے مودی حکومت کو آئینہ دکھا دیا۔
شیری رحمان نے سابق بھارتی وزیرِ داخلہ چدمبرم کے پہلگام واقعے سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کر دیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں، چدم برم کا بیان بھارت کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا ثابت کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت حملہ آوروں کی شناخت چھپا رہی ہے کیونکہ وہ بھارتی شہری تھے۔
شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان معاملے پر بھارت کو آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کرچکا ہے۔ بھارتی حکومت کو شفاف تحقیقات سے خوف ہے کیونکہ سچ سامنے آ جائے گا۔
پی پی سینیٹر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 27 بار کہہ چکے ہیں کہ سیز فائر میں ان کا کلیدی کردار تھا۔ پاکستان خطے میں امن کا حامی ہے، بھارت صرف الزامات کی روش پر برقرار ہے۔
پی پی پی رہنما کے مطابق ایس سی او اجلاس میں بھارت کی تنہائی اس کے جھوٹے بیانیے کی ناکامی ہے۔ پہلگام حملہ بھارتی ریاستی ناکامی کا نتیجہ ہے۔
شیری رحمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مودی حکومت پاکستان پر الزامات کی بجائے اپنی اندرونی ناکامیوں کا جائزہ لے، بھارت کو جنگ اور سفارتی محاذ کے بعد کھیل کے میدان میں بھی ہزیمت کاسامنا ہے۔