بھارت کے سابق وزیر داخلہ چدم برم نے کہا ہے کہ ہم یہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ جنگ بندی میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں، اگر ان کا جنگ بندی میں کردار ہے تو ہم اس کا اعتراف کیوں نہیں کرتے؟
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ بتا سکے کہ اتنے ہفتوں میں پہلگام واقعے کی کیا تحقیقات کی ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کیا دہشت گردوں کی شناخت ہو پائی ہے؟ کیا یہ جان پائے ہیں کہ دہشت گرد کہاں سے آئے تھے؟ پہلگام واقعے میں مقامی دہشت گرد بھی ملوث ہوسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ کیوں فرض کرتے ہیں کہ دہشت گرد پاکستان سے آئے ہیں؟ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ پہلگام واقعام میں ملوث دہشت گرد پاکستان سے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کو بھی چھپا رہی ہے، جنگوں میں نقصانات دونوں طر ف ہوتے ہیں، بھارت کو بھی نقصانات اٹھانا پڑے ہوں گے۔
چدم برم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کے ہمسایہ سمیت کسی بھی ملک نے یہ نہیں کہا کہ پاکستان نے جارحیت کی، شنگھائی کارپوریشن، برکس اور سارک نے بھی پاکستان کا نام نہیں لیا۔