• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرو فیروز: لڑکی کے والد کا رشتہ داروں پر بیٹی کو قتل کرنے کا الزام، مقدمہ درج

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

نوشہرو فیروز میں گزشتہ روز گھر کے سامنے سے ملنے والی 15 سالہ لڑکی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو رشتے داروں نے قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نوشہرو فیروز کے علاقے محبت دیرو میں لڑکی کی لاش ملنے کے معاملے پر مقتولہ کے والد کی مدعیت میں زیادتی اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ 4 ماہ قبل ملزم نے میری بیٹی سے زیادتی کی تھی، وڈیرے نے فیصلہ کرکے فریقین پر چار لاکھ جرمانہ عائد کیا تھا، وڈیرے نے میری بیٹی کی ملزم سے شادی کروانے کافیصلہ کیا تھا، ملزم لال ڈنو اور اس کے بھائی نے کل میری بیٹی کو زہریلی گولیاں کھلائیں۔

لڑکی کے باپ کا کہنا ہے کہ بیٹی نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے زہریلی گولیاں زبردستی کھلائیں، بیٹی کو تشویشناک حالت میں گمبٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ دم توڑ گئی۔

دوسری جانب مقامی وڈیرے کا کہنا ہے کہ فریقین کی رضا مندی سے زیادتی کا شکار لڑکی کی شادی ملزم لڑکے سے کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔ لڑکی امانتاً نہیں رکھوائی گئی تھی، اہل خانہ نے گزشتہ روز آکر بتایا کہ لڑکی نے نشہ آور گولیاں کھالی ہیں تو انہیں اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا تھا۔

 ڈی ایس پی کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جارہی ہے۔ مبینہ زیادتی کے ملزم اور اس کے والد کو گرفتار کر لیا ہے۔

لڑکی کے والد کی مدعیت میں پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس پی نوشہروفیروز نے واقعے کی تفتیش کے لیے تین رکنی کیمیٹی تشکیل دے دی۔

قومی خبریں سے مزید