• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: چائنا پورٹ پر لڑکی اور لڑکے کا قتل، مقتولہ کا بھائی گوجرانوالہ سے گرفتار

کراچی میں کلفٹن چائنا پورٹ کے قریب فائرنگ سے ہلاک لڑکی ثناء کے بھائی کو گوجرانوالہ پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ثناء کے اغوا کا مقدمہ بھائی نے درج کروایا تھا جس میں ساجد کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ثناء اور ساجد کے قتل میں کسی قریبی عزیز کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

 ثناء کے بھائی وقاص نے گوجرانوالہ کے تھانہ تتلے علی میں 17 جولائی کو ثناء کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا جس میں ساجد سمیت دیگر چار افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس اس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں گوجرانوالہ پولیس سے مسلسل رابطے میں ہے اور مقدمے کے مدعی وقاص کو گوجرانوالہ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ اس سے اغوا کے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ 

اسد رضا نے مزید بتایا کہ تحقیقات میں اگر ضرورت محسوس ہوئی تو کراچی پولیس گوجرانوالہ جائے گی۔ قتل کیے گئے ساجد اور ثناء کے والدین میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا تو قتل کے واقعے کا سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید