نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر پاکستانی و چینی انجینئرز، سائنسدانوں اور تکنیکی ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے آج چین کے علاقے شی چانگ کے سیٹلائٹ لانچ سینٹر (XSLC) سے خلائی تحقیق اور تکنیکی ترقی کا اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ 24 گھنٹے ہائی ریزولوشن امیج فراہم کرے گا، جس سے ملکی شہری منصوبہ بندی، انفرا اسٹرکچر کی ترقی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور تخفیف، زرعی نگرانی، خوراک کی حفاظت، ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کی کٹائی سے باخبر رہنے، موسمیاتی تبدیلیوں کے تجزیے اور آبی وسائل کے انتظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو کی جانب سے چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن (CETC) اور MICROSAT چائنا کے تعاون سے لانچ کیا گیا یہ سیٹلائٹ زمین کے مشاہدے کے مربوط نظام کی نمائندگی کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملک بھر میں پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس کامیاب تجربے سے پاکستان خلا میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگیا۔