ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے غیرقانونی، ظالمانہ اور ایرانی قوم کے خلاف کھلی دشمنی پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کا مقصد ایران کو کمزور کرنا، ایرانی عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی پابندیاں بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، امریکا کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے، ایرانی قوم اپنے وقار اور مفادات کا بھرپور طریقے سے دفاع کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پابندیاں اور دھمکیاں ایرانی قوم کے پختہ عزم، قومی خودمختاری کے تحفظ کے جذبے کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ رات ایران کے شپنگ نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی محکمۂ خزانہ کا اس سے متعلق کہنا ہے کہ پابندیوں کی زد میں آنے والا ایرانی شپنگ نیٹ ورک ایرانی حکومت کو اربوں ڈالر کا منافع پیدا کر کے دیتا، یہ نیٹ ورک ایران اور روس سے تیل، پیٹرولیم مصنوعات دنیا بھر کے خریداروں تک منتقل کرتا ہے۔