• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف کے نام جائیداد کی تصدیق کے دوران ایک اور بنگلے کا اضافہ

Musharrafs Property Seizes Start By The Court Order
افضل ندیم ڈوگر....سابق صدر پرویز مشرف کی کراچی میں 4 جائیدادوں کی تصدیق کے دوران ایک اور بنگلے کا اضافہ ہوگیا ہے یوں عدالتی حکم پر اب پرویز مشرف کے کراچی میں 5 بنگلے اور پلاٹ ضبط کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے کراچی میں پرویز مشرف کے نام تین بنگلوں کی ملکیت کی تصدیق کردی ہے جبکہ آرمی ہاؤسنگ اسکیم کے مرکزی بنگلے سمیت دو پراپرٹیز کی ملکیت پر جواب نہیں دیا۔ ان دو جائیدادوں کی تصدیق کے لئے ملٹری اسٹیٹ آفیسر کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

اسپیشل جج اسلام آباد کے احکامات پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھ نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کیلئے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کو 26 جولائی کا خط لکھ تھا جس میں پرویز مشرف کے نام پر ڈیفنس کراچی میں موجود چار بنگلوں اور پلاٹس کی تفصیلات فراہم کی گئی تھیں۔

عدالت نے ڈی ایچ اے سے ان کی ملکیت کی تصدیق اور دیگر تفصیلات طلب کی تھیں اور جواب تین دن میں دینے کا حکم جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی کراچی میں جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی کا یہ ابتدائی اور اہم قانونی مرحلہ ہے جس پر ڈی ایچ اے نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھ کے خط کا جواب ایک ہفتہ بعد آج مثبت انداز میں دیا ہے۔

یکم اگست کو لکھے گئے خط میں ڈی ایچ اے نے ڈیفنس فیز 8 خیابان فیصل پر 1995 گز کا بنگلہ نمبر 172 پرویز مشرف کے نام ہونے کی تصدیق کی ہے۔ خط کے مطابق ڈی ایچ اے فیز 8 بیچ اسٹریٹ پر 997 گز کا پلاٹ نمبر 301 ون بھی پرویز مشرف کی ذاتی ملکیت ہے جبکہ اس سے منسلک ڈی ایچ اے فیز 8 بیچ اسٹریٹ کا 997 گز کا دوسرا پلاٹ نمبر 301 بی بھی پرویز مشرف کے نام پر ہے۔

دسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ پر آرمی ہاؤسنگ اسکیم میں پرویز مشرف کے رہائشی بنگلے نمبر 6 اور آرمی ہاؤسنگ اسکیم پارٹ 2 کلفٹن کے بنگلہ نمبر 6 کی ملکیت پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق یہ دو جائیدادیں ڈی ایچ اے کے زیر کنٹرول نہیں جس پر ان کی تصدیق کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھ کی جانب سے آج ملٹری اسٹیٹ آفیسر کو خط جاری کردیا گیا۔ انہیں تین دن میں جواب داخل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تازہ ترین