بھارتی شہر بنگلورو کے ایک ویران علاقے سے 13 سالہ لڑکے کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے، لڑکا گزشتہ بدھ کے روز لاپتہ ہو گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول کی شناخت نشتھ اے کے طور پر ہوئی ہے جو آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا، نشتھ بدھ کی شام 5 بجے ٹیوشن جانے کے لیے اپنے گھر سے نکلا تھا مگر واپس نہیں لوٹا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نشتھ کے والد، جے سی آچت کا بتانا ہے کہ جب ان کا بیٹا شام 7:30 بجے تک گھر واپس نہیں آیا تو انہوں نے ٹیوشن ٹیچر سے رابطہ کیا، تاہم نشتھ کی ٹیچر نے بتایا کہ ان بیٹا کا مقررہ وقت پر اپنی کلاس سے نکل گیا تھا۔
بعدازاں جب والدین نے علاقے میں تلاش شروع کی تو انہیں ایک فیملی پارک کے قریب اپنے بیٹے کی سائیکل ملی، اسی دوران انہیں ایک نامعلوم نمبر سے فون کال موصول ہوئی جس میں 5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق والدین نے پولیس اسٹیشن جا کر اپنے بیٹے کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا۔
دوسرے روز پولیس کو دورانِ تلاش ایک سنسان مقام سے نشتھ کی جلی ہوئی لاش ملی۔
پولیس کے مطابق اسی رات مشتبہ افراد کے ساتھ مقابلے کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا، تحقیقات میں معلوم ہوا کہ گرومورتی نامی ملزم مقتول کے گھر میں ڈرائیور کے طور پر کام کر چکا ہے اور جرم کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرومورتی نشتھ کے خاندان سے بخوبی واقف تھا اور اسی بنیاد پر اس نے 13 سالہ لڑکے کو تاوان کے غرض سے اغواء کیا تھا۔