• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ایک شخص کو اچھی قسمت نے بیوی اور اسکے بھائیوں کی قتل کی سازش سے بچالیا

فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارتی ریاست اترپردیش سے ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بیوی نے اپنے 5 بھائیوں کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی کی مگر شوہر خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے ضلع بریلی کے رہائشی راجیو پر بیوی اور اس کے سالوں کی جانب سے بھیجے گئے کرائے کے غنڈوں نے 21 جولائی کی رات کو اس کے گھر میں گھس کر حملہ کردیا۔

راجیو کو حملہ آوروں نے بےدردی سے مارا یہاں تک کہ اس کے دونوں ہاتھ اور ٹانگیں توڑ دیں اور پھر اسے زندہ دفن کرنے کے لیے جنگل لے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بریلی کے عزت نگر تھانے کے علاقے میں پیش آیا۔

اس کیس سے متعلق پولیس کا بتانا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ راجیو کی بیوی سادھنا نے اپنے پانچ بھائیوں کے ساتھ مل کر قتل کی سازش رچائی تھی۔

راجیو کی بیوی اور اس کے بھائیوں نے 11 غنڈوں کو پیسے کے عوض خریدا اور راجیو کے گھر بھیج دیا۔ حملہ آور راجیو کو مار پیٹ کے بعد سی بی گنج کے جنگلات میں لے گئے اور ایک گڑھا کھود کر اسے زندہ دفن کرنے کی تیاری کرنے لگے، عین موقع پر ایک اجنبی وہاں پہنچ گیا جس کے نیتجے میں حملہ آور بوکھلا کر فرار ہو گئے اور راجیو کو شدید زخمی حالت میں وہیں چھوڑ گئے۔

پولیس کے مطابق اجنبی شخص نے ہی فوراً ایمبولینس بلائی اور راجیو کو نجی اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد راجیو کے والد نیترام نے بہو سادھنا اور اس کے بھائیوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔

راجیو کے والد کا کہنا تھا کہ بہو میرے بیٹے کو قتل کروانا چاہتی تھی اور اس کے لیے اس نے اپنے بھائیوں سے مدد لی۔

راجیو کے والد نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں بہو سادھنا، اس کے بھائیوں اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو کے والد کا بتانا ہے کہ اس کے بیٹے کی شادی 2009ء میں سادھنا سے ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں، راجیو کے پاس گاؤں میں ایک ذاتی مکان ہے لیکن وہ اور اس کی بیوی شہر میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔

متاثرہ نوجوان کے والد کے مطابق سادھنا گاؤں میں رہنا نہیں چاہتی تھی اس لیے راجیو کو شہر میں رہائش اختیار کرنا پڑی۔

پولیس نے معاملے کی ایف آئی آر درج کر کے اس کیس پر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید