• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے

ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ نور خان ایئر بیس پر مہمان صدر کا استقبال کیا، معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اس سے پہلے ایرانی صدر دورہ پاکستان پر لاہور پہنچے تو ایئرپورٹ پر نواز شریف اور مریم نواز نے ان کا استقبال کیا، مسعود پزشکیان اور نواز شریف کی ملاقات بھی ہوئی جس میں مریم نواز بھی شریک تھیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان سرکاری دورے پر پاکستان آمد، اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا،فوٹی پی آئی ڈی
ایرانی صدر مسعود پزشکیان سرکاری دورے پر پاکستان آمد، اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا،فوٹی پی آئی ڈی

مہمان صدر نے لاہور میں مزار اقبال پر بھی حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

ایرانی صدر کےہمراہ پاکستان آنے والے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آج دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی استحکام، تجارت اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی گئی، پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔

صدر مسعود پزشکیان کا بطور صدرِ ایران پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

ایرانی صدر کے استقبال کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھرپور تیاری کی گئی تھی، ایئرپورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا، ایرانی صدر کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بھی بچھایا گیا تھا۔ 

دو روزہ سرکاری دورے پر ایرانی صدر کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر اپنے قیام کے دوران صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے27 مئی 2025ء کو ایران کا دورہ کیا تھا۔

’دورہ پاکستان کا مقصد تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے‘

اس سے قبل ایرانی صدر نے پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ دورہ پاکستان کا مقصد تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران سرحدی سلامتی اور علاقائی امن کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔  سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں جس سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید