• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدا کے فضل وکرم سے ہم بیشمار شناختوں میں خود کفیل ہیں۔لاتعداد اسکول کالج اور یونیورسٹیوں کا ہمارے یہاں جال بچھاہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری مملکت میں ہر ایرا غیرا نتھو خیرا پڑھا لکھا ہے۔ مملکت خداداد کے مرد عورتیں، بچے بوڑھے فرفر انگریزی بولتے ہیں۔ اپنی دیسی زبانیں بھول چکے ہیں۔ کسان، مزدور ، ترکھان ، بڑھئی ،ڈینٹر، پینٹر، ٹھیلے والے اور ریڑھے والے سب انگریزی بولتے ہیں۔ ہری پور، ہزارہ اور لارنس پور میں بننے والے گرم سوٹ کی یورپ میں دھوم مچی ہوئی ہے۔ معدنیات کے ذخائر دیکھ کر اور سن کر اچھے بھالے ممالک کی رال ٹپکنے لگتی ہے۔ ہمارےیہاں سونے چاندی ، پیتل اور تانبے کے لامحدود ذخائر ہیں۔ ہماری زمین میں تیل ہے، گیس ہے۔ سورج کی بے پناہ شکتی ہے، زور ہے، قوت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم دنیا بھر کے ممالک میں سورج کی توانائی سے چلنے والی صنعتوں میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ سینے پرونے کی سوئی سے لیکر ہم ہوائی جہاز، پانی کے جہاز، ریل گاڑیاں، طرح طرح کی کاریں، بسیں، لاریاں، روڈ رولر اور ٹریکٹر بناتے ہیں۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ہم پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتے۔ دور دور تک اپنا ثانی ہمیں دکھائی نہیں دیتا۔ یاد رہے کہ چین، جاپان، کوریا، ملایشیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈاور سنگاپور ایشیا میں شامل ہیں۔ آپ جب بھی غیر معمولی کارنامہ کر کے دکھانے کا سوچیں، تب ان ممالک کو دھیان میں رکھیں۔ دعویٰ مت کریں کہ آپ جو کچھ غیر معمولی کرنے جارہے ہیں وہ ایشیا میں پہلی مرتبہ ہونے جارہا ہے۔ آپ بالشت بھر جھیل کو ایشیا کی سب سےبڑی جھیل کہنا چھوڑدیں۔ سچ بات تو یہ ہے کہ آپ کے پاس ایشیا کی سب سے بڑی جھیل ہے ہی نہیں۔ ایشیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی آپ کے پاس ہے۔ ایشیا کا سب سے لمبا آدمی آپ کے پاس ہے۔ ایشیا کا سب سے ٹھنگنا آدمی بھی آپ کے پاس ہے۔ ایشیا کا سب سے جدید ہسپتال آپ کے پاس ہے، جس میں دنیا بھر کے بیمار علاج کروانے آتے ہیں۔ آپ بضد ہیں کہ ایشیا کی عظیم ترین چیزیں آپ کے پاس ہیں۔ پچیس کروڑ کی آبادی میں ننانوے فی صد پڑھے لکھے لوگ آپ کے پاس ہیں جو کہ ایشین ریکارڈ ہے۔ چین کے ماؤزےتنگ اور ویت نام کے ہوچی منہ جب زندہ تھے تب بھی ایشیا کا سب سے بڑا اور عظیم لیڈر آپ کے پاس تھا۔

لوگ مجھے جھوٹوں کا گرو مانتے ہیں۔ مگر آپ گرو کے گروہیں۔ یعنی جھوٹ بولنے میں آپ میرے بھی گرو ہیں۔ یعنی جھوٹ بولنےمیں ہم خود کفیل ہیں۔ ہمارے یہاں امپورٹڈ جھوٹوں کے لئے قطعی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس لیے ہم امپورٹڈ جھوٹوں کی ہمت افزائی نہیں کرتے۔ امپورٹڈ جھوٹوں نے ہمیں بتایا تھا کہ ندیم ارشد نے اولمپک کھیلوں میں نجانے کتنی دور جویلین یعنی نیزا پھینکا تھا کہ عالمی ریکارڈ بن کر رہ گیا تھا۔ ندیم ارشد نے چونکہ ایشیائی ریکارڈ نہیں بنایا تھا بلکہ عالمی ریکارڈ بنایا تھا اس لیے ہم ارشد ندیم یا ندیم ارشد کو نہ جانتے ہیں اور نہ پہچانتے ہیں۔ ویسے بھی عالمگیر ریکارڈ ہمارے ایشیائی ریکارڈوں کے سامنے کوئی اہمیت نہیں رکھتا… آپ کو پتہ ہے کہ ایشیا کی سب سے بڑی اور عمر رسیدہ ہتھنی کامنی کوشل کراچی کے سفاری پارک میں ہے؟ اس کے علاوہ اور بھی بہت ایسی چیزیں ہیں جو ایشیا میں صرف ہمارے پاس ہیں، اور کسی ایشیائی ملک میں نہیں ہیں ہم جانتے ہیں کہ ایشیا میں چین، جاپان، کوریا، سنگاپور، تائیوان، ویتنام، ہندوستان، ملایشیا اور انڈونیشیا شمار ہوتے ہیں۔ ان بدبخت ممالک میں وہ چیزیں نہیں ہوتیں جو ہمارے پاس ہیں میرا دعویٰ ہے کہ ہم بہت سی باتوں میں خود کفیل ہیں۔ یاد رہے کہ ہمارا شمار ایشیا کے صف اول کے ممالک میں ہوتا ہے۔ دنیا بھر کے چھوٹے موٹے لمبے چوڑے، ٹنڈے منڈے لوگ ایشیا میں صر ف ہمارے پاس ہوتے ہیں ۔ ناماچار مفت میں نہیں ملتا۔ کچھ غیر معمولی ہوتا ہے۔ ہمارے پاس۔ اس تمہید کا مقصد اور مطلب صرف ایک ہے۔ ہم بہت سی باتوں میں خود کفیل ہیں۔ دنیا میں سب سے تیز ہوائی جہاز اڑانے والے صرف ہمارے پاس ہوتے ہیں، چین اور جاپان کے پاس نہیں ہوتے۔

فتنہ انگیز، شرارتی اور فسادی عناصر میں بھی ہم خود کفیل ہیں۔ شر پسند ہماری ساکھ کو نقصان پہنچانے سے باز نہیں آتے۔ وہ اپنی حرکتوں اور شرارتوں سے ہمارے دیرینہ دشمنوں کو پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔ ایک عرصے سے وہ لوگ دنیا پر ثابت کرنے کے درپے ہیں کہ کر پشن میں ہم نے ایشیا کے ہر ملک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان کے دعووں کے مطابق اعلیٰ ترین سے کم ترین سے کم ترین عہدے پر کام کرنیوالے رشوت خوری ، چارسوبیسی، مالی ہیراپھیری اور بھتہ خوری سے باز نہیں آتے۔ ریڑھی پر ردی بیچنے والوں کو بھی دو وقت کی روٹی کمانے کیلئے بھتہ دینا پڑتا ہے۔ دہاڑی یعنی روزانہ ہفتہ وار ، ماہانہ بھتہ دینا پڑتا ہے۔ ورنہ وہ سانس نہیں لے سکتے ۔عزت کی موت مر نہیں سکتے ۔ بے حساب لوگوں کو قتل کرنیوالے آزاد گھومتے پھرتے ہیں۔ شازو نادر عدالتوں میں فیصلہ ہوتے ہیں۔ فیصلے جرگوں میں ہوتے ہیں۔ آپ ہمارے ہاں آکر اور رہ کر دیکھیں۔ آپ کو ایسی کوئی منفی حرکت دکھائی نہیں دیگی۔

تازہ ترین