بھارتی ریاست آسام کے شہر سلچر میں 50 سے زائد سی سیکشنز کرنے والے جعلی ’گائناکالوجسٹ‘ کو آپریشن تھیٹر سے گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی معروف اداکار سنجے دت کی مشہور فلم ’منّا بھائی ایم بی بی ایس‘ کی کہانی کو آسام میں ایک شخص نے جعلی ڈاکٹر بن کر حقیقت کا روپ دے دیا۔
یہ جعلی ڈاکٹر گزشتہ ایک دہائی سے دو نجی اسپتالوں میں ماہرِ زچگی کے طور پر کام کر رہا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم پلوک مالاکر نے مبینہ طور پر 50 سے زائد سیزیرین آپریشنز (سی سیکشن) اور دیگر خواتین کی سرجریاں بھی انجام دے رکھی تھیں۔
’این ڈی ٹی وی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پلوک مالاکر کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک آپریشن تھیٹر میں سی سیکشن آپریشن انجام دے رہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اطلاع ملنے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا، جعلی ڈاکٹر کی اسناد کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا گیا۔