پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولنگر نے ماہِ جولائی میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ہزار لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ و دیگر اشیاء کو تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق بہاولنگر میں جولائی میں 53 کلو کنفکشنری آئٹمز، 100 گٹکے کے پیکٹ ضائع کر دیے گئے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے جولائی میں مختلف مقامات پر 1 ہزار 720 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ اس دوران 176 فوڈ بزنس آپریٹرز کو 15 لاکھ 17 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
محمد عاصم جاوید کے مطابق 3 فوڈ بزنس مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2 کی بہتری تک پروڈکشن بند کی گئی۔