• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تولیدی اور جنسی صحت کے موضوع پر ہائبرڈ سرٹیفکیٹ کورس کی افتتاحی تقریب

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

کالج آف فیملی میڈیسن پاکستان (CFMP) نے پاکستان کی پانچ معروف طبی و علمی تنظیموں کے اشتراک سے "تولیدی اور جنسی صحت" کے عنوان سے ایک انقلابی 6 ماہ دورانیے کا ہائبرڈ سرٹیفکیٹ کورس کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں شروع کردیا ہے۔

یہ منفرد تعلیمی اقدام پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی (PES)، پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن (PSIM)، ڈایابیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان (DAP)، سوسائٹی آف گائنا کالوجسٹس اینڈ آبسٹیٹریشن آف پاکستان (SOGP)، پرائمری کیئر ڈایابیٹس ایسوسی ایشن (PCDA) اور ہلٹن فارما کے تعاون سے پیش کیا گیا ہے۔

یہ  پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کورس ہے، جس کا مقصد پرائمری کیئر فزیشنز اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی تولیدی و جنسی صحت کے عام مگر حساس مسائل کے حل میں علمی اور عملی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ 

کورس کے ڈائریکٹر معروف اینڈوکرائنولوجسٹ پروفیسر ایم زمان شیخ ہیں، جبکہ کالج آف فیملی میڈیسن کی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شہلا نسیم اس پروگرام کی شریک ڈائریکٹر ہیں۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر جاوید اکرم (صدر PSIM اور سابق وزیر صحت پنجاب) تھے۔ دیگر مہمانون میں پروفیسر عائشہ شیخ، پروفیسر علی اصغر، پروفیسر سعید مہر، پروفیسر عبدالباسط، پروفیسر شبین ناز مسعود، ڈاکٹر ریاست علی خان اور ڈاکٹر اسماء خان شامل تھے۔

تقریب سے انٹرنیشنل ڈایابیٹیز فیڈریشن کے صدر پروفیسر پیٹر شوارٹز اور تولیدی و جنسی صحت کے عالمی ماہر پروفیسر دیپک جمانی نے بھارت سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے اس موضوع کی عالمی اہمیت کو اجاگر کیا۔

یہ کورس مرد و خواتین میں بانجھ پن، حیض کی بے قاعدگیاں، خواتین میں غیر ضروری بالوں کی زیادتی (ہیرسوٹزم)، جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریاں، دونوں اصناف میں غدودی و جنسی مسائل اور پولی سسٹک اوورین سنڈروم (PCOS) جیسے حساس موضوعات کا سائنسی و عقلی بنیادوں پر احاطہ کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید
صحت سے مزید