نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کتابیں چھین کر بھارت کشمیری شناخت مٹانا چاہتا ہے، کتابوں سے خوف کھانے والا ملک خود اپنی ناکامی کا اعتراف کر رہا ہے۔
شیری رحمان نے اپنے بیان میں کشمیریوں کی تاریخی و مزاحمتی کتابوں پر بھارتی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا یہ عمل کشمیریوں کی فکری آزادی پر حملہ ہے، کشمیر کی فکری آزادی پر پابندی بھارت کے غیر جمہوری عزائم کا عکاس ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کتابوں سے خوف کھانے والا ملک خود اپنی ناکامی کا اعتراف کر رہا ہے، تاریخ کو دبانے سے حقائق مٹ نہیں جاتے بلکہ اور نمایاں ہو جاتے ہیں۔
انہوں مزید کہا کہ اظہارِ رائے کا گلا گھونٹنا بھارت کے فاشسٹ رجحانات کو ظاہر کرتا ہے، پابندیاں لگا کر بھارت صرف اپنی عالمی ساکھ کو مزید نقصان پہنچا رہا ہے۔