سعودی خاتون نے ایثار کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے شوہر کی دوسری بیوی کو جگر کا بڑا حصہ عطیہ کر دیا۔
سعودی عرب کے شہر طائف میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی دوسری بیوی کے لیے ناقابلِ یقین قربانی دی۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق نُورہ سالم الشمری، ماجد بلدہ الروقی کی پہلی بیوی ہیں، انہوں نے اپنے شوہر کی دوسری بیوی تغرید عوض الساعدی کو اپنے جگر کا بڑا حصہ عطیہ کیا۔
تغرید طویل عرصے سے گردوں کے فیل ہونے کے باعث ڈائیلاسز پر تھیں اور اس بیماری کے اثرات سے ان کا جگر بھی شدید متاثر ہو چکا تھا۔
ماجد نے اس سے قبل اپنی دوسری بیوی کے علاج کے لیے امریکا کا سفر بھی کیا، لیکن کامیابی نہ ملی، آخرکار انہوں نے اپنی دوسری بیوی کو ایک گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
شوہر کی اس قربانی سے متاثر ہو کر نُورہ نے محض اللّٰہ کی رضا کے لیے اپنا 80 فیصد جگر عطیہ کرنے کا ارادہ کیا۔
طبی معائنے کے بعد جب یہ تصدیق ہو گئی کہ دونوں کا بلڈ گروپ ایک جیسا ہے، تو ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کر کے جگر منتقل کر دیا۔
یہ واقعہ سعودی عرب سمیت عرب دنیا میں غیر معمولی قربانی کی ایک انوکھی مثال کے طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔