وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر منصوبے کو ایک سال میں مکمل کیا جائے، اس منصوبے کی خود نگرانی کروں گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ سولر منصوبے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں انہوں نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، منصوبے کا سارا انفرااسٹرکچر کلائیمیٹ ریزیلیئنٹ بنایا جائے۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکنیک کی منظوری کے بعد منصوبے کی تعمیر پر کام کی رفتار کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے پر خرچ ہونے والی تمام لاگت وفاقی حکومت دے گی، گلگت بلتستان کے لوگوں کو 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نجات ملے گی، منصوبہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا، منصوبے کی تعمیر میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے منصوبے کی تعمیر کے لیے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت اویس خان لغاری کو سونپ دی۔