پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بالر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے شادی کے 12 سال مکمل ہونے پر محبت سے بھرپور پیغام شیئر کردیا۔
وسیم اور شنیرا اپنی شادی کی بارہویں سالگرہ مناتے ہوئے ماضی کی یادوں اور خوشیوں کو تازہ کر رہے ہیں، اس موقع پر شنیرا نے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام کے ساتھ بلیک ایڈ وائٹ تصویر اور پکچر مونٹاج بھی شیئر کیا اور شادی کی سالگرہ کی مبارک باد دی۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ دل کی سننا اتنا ہی ضروری ہے جتنا خوابوں کے پیچھے چلنا اور جب قسمت مہربان ہو تو یہ دونوں چیزیں ایک ساتھ مل کر زندگی کو ایک پریوں کی کہانی میں بدل دیتی ہیں۔
شنیرا کا کہنا تھا کہ یہ ہماری محبت کی کہانی کا چھوٹا حصہ ہے، آپ مجھے ہمیشہ خوش اور ہنستا مسکراتا رکھتے ہیں، چاہے میں آپ کے ساتھ ہوں یا میلوں کے فاصلے پر، آپ میرے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
انہوں نے اپنے اس خوبصورت سفر میں ساتھ دینے اور اعتماد رکھنے والے تمام چاہنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شادی کی سالگرہ پر شنیرا کی سوشل میڈیا پر محبت بھری اور دلچسپ پوسٹ پر صارفین نے بھی منفرد تبصروں کے ساتھ دونوں کو مبارکباد پیش کی۔
یاد رہے کہ وسیم اکرم کی یہ دوسری شادی ہے، ان کی پہلی اہلیہ ہما 2010ء میں بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھیں، جبکہ 2012ء میں وسیم نے آسٹریلوی شہری شنیرا سے دوسری شادی کی تھی۔