برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں روس پر دباؤ بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کے لیے ان کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے بات کی ہے اور کہا کہ یہ وقت اس جنگ کے خاتمے کے لیے قابل عمل حل کا بہترین موقع ہے۔
بتاتے چلیں کہ برطانوی وزیراعظم اور یوکرین کے صدر کی آج ہونے والی ملاقات اس لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ کل امریکی اور روسی صدور کی الاسکا میں ملاقات طے شدہ ہے، جہاں ممکنہ طور پر یوکرین جنگ کے حوالے سے اہم معاملات کے حوالے سے بات چیت کا امکان ہے۔