چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر چیئرمین سینیٹ، وزرائے اعلیٰ سندھ، بلوچستان و دیگر نے مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو جمہوریت کے علمبردار اور نوجوان قیادت کی روشن علامت ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی جرأت مندانہ ترجمانی بلاول بھٹو کا نمایاں کارنامہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو دنیا کے سامنے پیش کیا،انہوں نے دنیا کے سامنے معرکۂ حق میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو نمایاں کیا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اپنے پارٹی چیئرمین پر فخر ہے، یہ پارٹی اور قوم دونوں کے لیے اعزاز ہے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر تاریخ ساز قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا اعزاز ہماری جمہوری جدوجہد کا شاندار اعتراف ہے۔
وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو پاکستان کا مؤقف پیش کرنے اور سفارتی کامیابیوں پرنشانِ امتیاز دیا گیا، نشانِ امتیاز پاکستان کا سب سے اعلیٰ قومی اعزاز ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نشانِ امتیاز ملکی و عالمی خدمات کا اعلیٰ ترین اعتراف ہے۔
وزیرِاعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردایر سمیت اعلیٰ سول و عسکری اعزازات پانے والی تمام شخصیات کو مبارک باد دی ہے۔
کوئٹہ سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ یہ اعزازات شاندار خدمات، بے لوث محنت اور ملک وقوم کے لیے غیر معمولی کردار کا اعتراف ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلالِ جُرأت ملنے پر مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، محسن نقوی، اسحاق ڈار، بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال اور دیگر کونشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بلاول بھٹو کو نشانِ امتیاز ملنے پر مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو پاکستان کا مؤقف پیش کرنے اور سفارتی کامیابیوں پرنشانِ امتیاز دیا جانا باعث فخر ہے۔
قائم علی شاہ نے بلاول بھٹو کو نشانِ امتیاز ملنے پر صدر آصف زرداری، فیملی اور کارکنان کو بھی مبارک باد دی ہے۔
علاوہ ازیں وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی خدمات کا اعتراف ملکی اعزاز سے کیا گیا ہے، نشانِ امتیاز ملنا بلاول بھٹو کی سیاسی جدوجہد کا تسلسل ہے، انہوں نے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔