وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تجارت، کاروبار اور امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کےمواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور امریکا نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت نے ایک نئے موڑ پر قدم رکھا ہے، انھوں نے کہا پاکستان کی سخت اور ضروری اصلاحات کے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ موڈیز کی حالیہ اپ گریڈیشن مثبت نتائج کا واضح ثبوت ہے، وزیر خزانہ نے ملاقات کے دوران اپنے حالیہ دورہ واشنگٹن کا بھی ذکر کیا۔
انھوں نے کہا واشنگٹن میں تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے تعمیری ملاقاتیں کیں، تجارتی معاہدہ پاک امریکا معاشی تعاون کا ایک نیا دور شروع کرے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ تجارتی معاہدہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گا۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گفتگو میں کہا کہ تجارتی معاہدہ دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے، امریکی کمپنیاں پاکستان میں تیل کی تلاش میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔
نیٹلی بیکر نے کہا کمپنیاں سرمایہ کاری، توانائی اور معدنیات میں بھی دلچسپی لے رہی ہیں۔