ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللّٰہ فراق کا کہنا ہے کہ غذر کا دائین گاؤں سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے، پانی و بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے، ضلع کھرمنگ میں ماں بیٹی سیلابی ریلوں میں بہہ گئی، ان کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ دیامر بونر نالہ میں سیلابی ریلوں میں بہنے والے بہن بھائی کی تلاش جاری ہے، دیامر بونر کا علاقہ دیامروی میں لینڈ سلائیڈنگ سے 8 رضاکار زخمی ہو گئے، سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے، متاثرین کی بحالی پر وقت لگے گا، صاف پانی، بجلی اور آبپاشی چینلز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
فیض اللّٰہ فراق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے، ضلع غذر میں کہیں ریسکیو، کہیں سرچ اور کہیں ریلیف آپریشن جاری ہے، نلتر ایکسپریس کا ایک حصہ بہنے کے بعد پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق شاہراہِ بلتستان باغیچہ اور استک کے مقام پر بحال کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، شام تک شاہراہِ بلتستان ٹریفک کے لیے بحال کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمۂ مالیات نے متاثرین کی بحالی کے لیے 97 کروڑ سے زائد کی رقم جاری کی ہے، 50 کروڑ روپے کی لاگت کے بجلی اور آبپاشی کے منصوبوں پر ہنگامی کام جاری ہے۔