وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ 14 اگست کے اشتہار میں بابائے قوم کی تصویر نہ ہونے کی انکوائری ہو رہی ہے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی کے اشتہار کو سیاست کی نذر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختون خوا سیلاب متاثرین کے لیے امدادی ٹرک روانہ کیے ہیں، صوبائی حکومت کو ہر طرح سے مدد دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے کے ذریعے پاک فوج اور این جی اوز نے اپنا کردار ادا کیا ہے، خیبر پختون خوا حکومت کو جو مدد درکار ہو گی وفاقی حکومت تعاون کرے گی۔
اُن کا کہنا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم فی الحال کسی بھی سطح پر زیرِ غور نہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ قومی ایشوز پر بات چیت کرتے رہیں گے، 26 ویں آئینی ترمیم میں بھی پی ٹی آئی کا کردار تھا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق ایس ایم تنویرکی رائے کا احترام کرتے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے بھی پی ٹی آئی سے بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ان کے پاس شواہد نہیں، پراسیکیوش کا کیس مضبوط ہے۔