پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برطانیہ کی پاکستانی کمیونٹی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی نژاد اراکینِ پارلیمنٹ محمد یاسین، طاہر علی، عمران حسین، ایوب خان اور عدنان حسین سے ملاقات میں کیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا، جو برطانیہ میں ایک متحرک اور مؤثر پاکستانی نژاد کمیونٹی کی موجودگی سے مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے، جو باہمی تفہیم، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط کو فروغ دے رہی ہے۔
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان دوطرفہ پارلیمانی روابط کو بے حد اہمیت دیتا ہے تاکہ پاک۔برطانیہ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے روابط جمہوری تجربات، بین الاقوامی بہترین طریقۂ کار اور جمہوری اقدار کے تبادلے کا ذریعہ بنتے ہیں، جو دونوں ممالک میں جمہوری اداروں کی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔
اسحاق ڈار نے برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کے فعال کردار کو بھی سراہا، جو وہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کو اجاگر کرنے میں ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ وہ ان مسائل کو برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کا حصہ بنا رہے ہیں اور برطانوی عوام کو خطے میں جاری انسانی بحران سے آگاہ کر رہے ہیں۔