بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع نرسنگھ پور میں ایک 18 سالہ طالبِ علم نے اپنی سابقہ اسکول ٹیچر پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم سوریانش کوچر پیر کے روز پیٹرول کی بوتل لے کر اپنی سابقہ ٹیچر کے گھر پہنچا اور اس پر حملہ کر دیا، ملزم نے ٹیچر پر پیٹرول چھڑکا اور آگ لگا کر فرار ہو گیا۔
اس واقعے میں نجی اسکول کی ٹیچر 10 سے 15 فیصد جھلس گئی جسے فوری طور پر ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر ہی ملزم کو ایک گاؤں سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کی جانب سے تیار کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم اور 26 سالہ ٹیچر گزشتہ دو برس سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔
ملزم، سوریانش کوچر کو اپنی سابقہ ٹیچر سے یکطرفہ لگاؤ تھا، ملزم کو اسکول سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد وہ کسی دوسرے اسکول میں تعلیم حاصل کر رہا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ اس واقعے کی بنیادی وجہ ایک پرانی شکایت بنی جو ٹیچر نے ملزم کے خلاف درج کروائی تھی۔
گزشتہ سال آزادی کے دن (15 اگست) اسکول کے پروگرام میں ٹیچر نے ساڑھی پہنی تھی جس پر ملزم نے نازیبا تبصرہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیچر نے سوریانش کوچر کی شکایت درج کروائی تھی جس پر طالب علم کو اسکول سے نکال دیا گیا تھا اور اسی دن ملزم نے ٹیچر سے بدلہ لینے کا منصوبہ بنایا تھا۔