کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈی ایچ اے کراچی نے مقامی عدالت کو سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کردیا۔ جبکہ عدالت کے ناظر کا کہنا ہے کہ جواب نامکمل ہے۔ چار پلاٹس کی جگہ صرف تین سے متعلق جواب دیا گیاہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ جنوبی کے ناظر نے ملٹری اسٹیٹ آفس کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کے حوالے سے مقامی عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کردیا۔ ڈی ایچ اے نے اپنے تحریری جواب میں بتایا ہے کہ سابق صدر کی ملکیت ڈی ایچ اے فیز 8خیابان فیصل کا بنگلہ، پلاٹ نمبر 1/301اور پلاٹ نمبر 2/301بیچ اسٹریٹ ون کو بحق سرکار ضبط کرلیا گیا ہے۔جبکہ ناظر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سائوتھ کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ اے کا موصول ہونے والا جواب نامکمل ہے۔ سابق صدر کی چار جائیدادوں میں سے صرف تین کا جواب دیا گیا۔ جس پر ناظر نے ملٹری اسٹیٹ آفس کو خط لکھ دیا ہے جس میں سابق صدر کی رہائشگاہ زمزمہ فیز 5کے بنگلہ نمبر 6کو عدالتی احکامات کے تحت ضبط کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔