محکمۂ تعلیم سندھ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں مزید بارشوں کے پیشِ نظر کل جمعرات کو بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے اعلامیے کے مطابق کراچی میں کل بھی نجی و سرکاری اسکول اور کالج بند رہیں گے۔
ادھر محکمۂ موسمیات کے مطابق سندھ پر اس وقت طاقتور مون سون ہوائیں اثرانداز ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔
کل جمعرات کو بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ کہیں درمیانی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
رواں مون سون سسٹم 23 اگست تک کراچی سمیت سندھ بھر میں اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے آج کراچی بھر کے نجی و سرکاری اسکولوں اور کالجز سمیت تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کراچی میں بارشوں کے حوالے سے خراب صورتِ حال کے باعث آج عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔