خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے میں کلاؤڈ برسٹ سے ایک ایسا گھر بھی متاثر ہوا جس میں کراچی سے مہمان آئے ہوئے تھے جو زندگی کی بازی ہار گئے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں کراچی سے صوابی گئے لوگوں کے ایک رشتے دار نے بتایا کہ ہم کراچی سے صوابی گھومنے آئے تھے، 15 دن سے آئے ہوئے تھے جس کے بعد میں واپس کراچی چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں جیسے ہی کراچی اپنے گھر پہنچا تو فون آیا کہ یہاں صوابی میں آپ کا مکان گر گیا ہے جس میں میری والدہ، 3 بہنیں اور بھانجے تھے جو مٹی کے نیچے دفن ہو گئے۔
مذکورہ شخص نے بتایا کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے، ہمارے گمان میں بھی نہیں تھا، گزشتہ کئی عرصے سے ہم یہاں نہیں آئے تھے، چاچا نے گھر بنایا تھا تو اسے دیکھنے آئے تھے۔
واضح رہے کہ صوابی میں بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے 42 افراد جاں بحق ہوئے۔ صوابی کے گاؤں دالوڑی بالا جہاں پر کچھ روز قبل کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے 17 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے اس میں 40 افراد ملبے کے نیچھے دب گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللّٰہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، ملبے سے 40 لوگوں کو نکالا گیا ہے جس میں 37 لاشیں اور 3 زخمی شامل ہیں۔