وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اپنے دورے کے دوران جاپان کے صنعتی شہر اوساکا آمد کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی نے پُرتپاک استقبال کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
اوساکا میں اپنی قائد کا والہانہ استقبال کے لیے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے کامرس ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ن لیگ اوورسیز کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود، ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان، محمد علی جوہر اور وقار علی بھٹی سمیت بڑی تعداد میں رہنما پہنچ گئے۔
اس موقع پر اوساکا میں ورلڈ ایکسپو کے پاکستانی پویلین کے انچارج محمد نصیر موجود ہیں، ن لیگی رہنماؤں نے مریم نواز کے دورے کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ورلڈ ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا دورہ کریں گی جہاں پاکستان کی مصنوعات اور ثقافتی ورثے کو اُجاگر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پارلیمانی سیکریٹری برائے کامرس ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی بھی جاپان پہنچ گئے ہیں، وہ سرگودھا سے 3 مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز شریف اس وقت ملک کی سب سے فعال اور متحرک وزیراعلیٰ ہیں، ان کے اس دورۂ جاپان سے ناصرف پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی تعلقات میں نئی گرمجوشی پیدا ہوگی بلکہ سرمایہ کاری اور ثقافتی روابط کے بھی نئے دروازے کھلیں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مریم نواز شریف کا یہ دورہ پاکستان کے لیے سفارتی، تجارتی اور عوامی سطح پر تعلقات کی نئی بنیاد ڈالنے جا رہا ہے۔
اوساکا اور ٹوکیو میں ن لیگ کے کارکنوں اور رہنماؤں کی بھرپور شرکت اس بات کی علامت ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنی قیادت کے ساتھ والہانہ وابستگی رکھتے ہیں اور ملک کے ترقیاتی سفر میں شانہ بشانہ ہیں۔