وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے سرکاری دورے کے دوران جاپان کی وزارتِ خارجہ میں سینئر اسٹیٹ منسٹر برائے خارجہ امور میاجی تاکوما سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران میاجی تاکوما نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہا اور مریم نواز کو صوبہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ جاپان پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے اور پنجاب حکومت جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کی جدید ٹیکنالوجی اور پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتیں مل کر ترقی کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔
میاجی تاکوما نے بھی پنجاب حکومت کے ترقیاتی وژن کو سراہا اور کہا کہ جاپانی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہاں ہے، انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی، خاص طور پر انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے میدان میں۔
ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جاپان اور پاکستان کی دوستی کو عملی تعاون اور عوامی روابط کے ذریعے مزید وسعت دی جائے گی۔