چینی وزیرِ خارجہ کے دورے کے موقع پر بھارت کے حالیہ میزائل تجربے پر پاکستان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے بین البراعظم صلاحیت والے میزائل تجربے نے خطے اور عالمی امن کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کے میزائل پروگرام سے اسلحے کی دوڑ بڑھے گی، اسٹریٹجک استحکام خطرے میں پڑے گا، بھارت کے بڑھتے میزائل ذخائر عالمی برادری کا دہرا معیار بے نقاب کرتے ہیں، پاکستان عوام کی سلامتی اور خطے کے امن کے لیے فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس پالیسی پر قائم ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سی پیک کو جامع ترقیاتی منصوبہ سمجھتا ہے جس سے معیشت اور رابطہ کاری کو فائدہ پہنچا، پاکستان کو یقین ہے کہ سی پیک سے خطے میں ترقی اور خوش حالی آئے گی۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کل بنگلا دیش جائیں گے، اعلیٰ سطح کے دورے ہمیشہ دوست ممالک کے درمیان زیرِ بحث رہتے ہیں، فی الحال امریکی وزیرِ خارجہ کے اکتوبر میں پاکستان آنے کا کوئی پروگرام نہیں۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور دوست ممالک انسدادِ دہشت گردی پر قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ مہم کو عالمی برادری اب سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔