چین میں ایک شخص کی جانب سے فارمیسی پر آن لائن کی گئی ادائیگی کی کوشش ناکام ہوگئی جس نے اس کے خفیہ تعلقات کا بھانڈا بھی پھوڑ دیا۔
یہ واقعہ صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر یانگ جیانگ میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے مانع حمل گولیوں کے لیے 15.8 یوان (تقریباً 200 روپے) کی ادائیگی موبائل ایپ کے ذریعے کرنے کی کوشش کی لیکن ’سسٹم ایرر‘ کے باعث یہ ادائیگی مکمل نہ ہو سکی۔
دواخانے کے عملے نے رقم وصول کرنے کے لیے ممبرشپ کارڈ سے منسلک نمبر پر کال ملا دی جو اِس کی بیوی کا نمبر تھا، جب عملے نے بتایا کہ خریدی گئی دوا مانع حمل گولیاں ہیں تو شوہر کی بیوی پر ناجائز تعلقات کی حقیقت آشکار ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیوی کو دھوکا دینے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ناصرف اس کی بلکہ دوسری فیملی کی زندگی بھی برباد کر دی ہے۔
دوسری جانب قانونی ماہر فو جیان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ متاثرہ شخص نے دوا خانے کے خلاف پرائیویسی کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کی کوشش کی بھی تو یہ مقدمہ جیتنا مشکل ہوگا۔