وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اب نئے معرکے کا آغاز ہو گیا ہے اور وہ ’معرکہ ترقی‘ ہے جس کو جیتنا ہے، معرکہ ترقی اُڑان پاکستان کی شکل میں ہر شہری کے سامنے ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت کے چہرے سے میک اپ اتار دیا، معرکہ حق ایک شاندار کامیابی تھی جس نے پاکستان کو دنیا کے سامنے سُرخرو کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ 2035ء تک پاکستان کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر تک لے کر جانا ہے، ہمیں معاشی میدان میں بھی بھارت کو چاروں شانوں چت کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب پاکستانیوں کو پائیدار پاکستان میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، معرکہ تحقیق اور ترقی کے لیے بھرپور کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویت یونین کے پاس اسلحہ اور فوج تھی مگر معیشت کمزور ہونے کی وجہ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میرا تعلق کسی جاگیر دار گھرانے سے نہیں مڈل کلاس گھرانے سے ہے، کوئی بھی نوجوان انجینئر پاکستان کے کسی عہدے پر جا سکتا ہے، پاکستان کی ترقی کے ہر راستے کا محور انجینئرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافے کا سفر انجینئرز کی سپورٹ کے بغیر مکمل نہیں، انجینئرز پاکستان کی فوڈ سیکیورٹی اور زراعت میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔