• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: اورنگی کے تاجر کے قتل کا معمہ حل، 2 اجرتی قاتل گرفتار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 18 اگست کو محمد نعیم نامی تاجر کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق تاجر کے قتل میں ملوث 2 اجرتی قاتلوں کو پاکستان بازار سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

واضح رہے کہ 18 اگست کو اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13 ای شاداب گراؤنڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے کپڑے کا کاروبار کرنے والے 42 سالہ تاجر محمد نعیم ولد بشیر جاں بحق ہو گیا تھا۔

مقتول نعیم کافی دیر تک زمین پر تڑپتا رہا تھا، ایمبولنس ڈرائیور کا کہنا تھا کہ جب تک پولیس نہیں آئے گی وہ زخمی کو اسپتال لے کر روانہ نہیں ہو سکتا، اس دوران نعیم دم توڑ گیا تھا۔

مقتول 3 بچوں کا باپ تھا جو واقعے کے وقت اپنے بیٹے علی کو اسکول چھوڑ کر واپس موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔

پولیس کے مطابق مقتول کو جسم پر 4 گولیاں لگی تھیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول سے کوئی چھینا جھپٹی نہیں ہوئی تھی، مقتول کے پاس اپنا موبائل فون، شناختی کارڈ اور موٹر سائیکل موجود تھی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کو شہری کا تعاقب کرتے دیکھا گیا تھا، جنہوں نے قریب پہنچتے ہی موٹر سائیکل سوار پر فائرنگ کر دی تھی۔

قومی خبریں سے مزید