کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے کپڑے کا کاروبارکرنے والے شخص جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر13ای شاداب گراؤنڈ کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کےایک شخص کوقتل کردیا اور فرار ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں مقتول کی شناخت 42 سالہ محمد نعیم ولد بشیر کے نام سے کی گئی۔ مقتول نعیم کافی دیرتک زمین پرتڑپتا رہا ۔ایمبولنس ڈرائیورکا کہنا تھا کہ جب تک پولیس نہیں آئی گی وہ زخمی کو اسپتال لیکر روانہ نہیں ہوسکتا۔ اس دوران نعیم دم توڑ گیا،مقتول اورنگی ٹاؤن سیکٹر 6ایل کا رہائشی اورکپڑے کا کاروبار کرتا تھا۔ مقتول تین بچوں کا باپ تھا ۔واقعہ کے وقت وہ اپنے بیٹے علی کو اسکول چھوڑ کر واپس موٹرسائیکل پرگھر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے باعث مقتول موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو جسم پر چار گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں ۔پولیس کو جائے وقوع سے چلیدہ خول ملے ہیں جو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔پولیس کہنا تھاکہ مقتول سے کوئی چھینا جھپٹی نہیں ہوئی ہے ۔مقتول کے پاس اپنا موبائل فون،شناختی کارڈ اورموٹر سائیکل موجود تھی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے ۔فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کوشہری کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ملزمان نےقریب پہنچتے ہی موٹر سائیکل سوار پر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے شہری زخمی ہو کر موٹر سائیکل سمیت گرگیا جبکہ ملزمان فرارہو گئے۔مقتول کے اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ اسے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا ہے اور انہوں نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرنے کا مطالبہ کیا ہے۔