نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ڈھاکا میں جماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ہے۔
اسحاق ڈار سے جماعت اسلامی بنگلادیش کے وفد کی ملاقات ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ہوئی ہے، جماعتِ اسلامی بنگلادیش کے وفد کی قیادت عبداللّٰہ محمد طاہر نے کی۔
ملاقات میں پاک بنگلادیش تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں خطے میں حالیہ پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی بنگلادیش کی قیادت کو کٹھن حالات کے باوجود ثابت قدمی کو سراہا۔
اسحاق ڈار سے بنگلادیش نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن میں ہوئی ملاقات میں این سی پی کے وفد کی قیادت پارٹی سیکریٹری اخترحسین نے کی۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈارپاکستانی ہائی کمیشن میں اہم سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، وزیرخارجہ اسحاق ڈار بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس اور مشیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔