• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک وقت تھا جو تمام ہوچکا۔ آج پی ٹی آئی سے 9؍مئی کی معافی کا تقاضا یا سنجیدہ، بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی توقع، جلتے بلتے ریگزاروں میں لالہ وگُل کھلانے کی سعیِٔ لاحاصل کے مترادف ہے۔ پے درپے غلطیوں اور بے حکمتیوں کی ماری یہ سوختہ بخت، ایک ایسے منطقے میں داخل ہوچکی ہے جہاں اُسے اپنے اعضا اور اعصاب پر قابو نہیں رہا۔ بے بال وپری کی یہ کیفیت اُسے کہاں لے جائے گی؟ پیش بینی محال ہے۔

’’معافی‘‘، دو باتوں سے مشروط ہوتی ہے۔ پہلی ’اعتراف‘ اور دوسری ’تلافی‘۔ اعتراف، معافی سے پہلے کا مرحلہ ہے جب کوئی فَرد صدقِ دِل سے تسلیم کرتا ہے کہ ہاں واقعی مجھ سے غلطی کا ارتکاب ہوا ہے۔ اس اعتراف کے بعد لازم ٹھہرتا ہے کہ ہر نوع کی حیلہ سازی، بیانیہ بازی اور جواز تراشی کی ہلکی سے آلائش سے پاک، صاف، کھری اور واضح معافی مانگی جائے۔ معافی کے بعد ’تلافی‘ کا مرحلہ آتا ہے جسکا تقاضا ہے کہ تائب ہو جانے والا فرد اپنی غلطی کے سبب قوم و ملک کے اجتماعی نظم پر لگنے والے زخموں کی مرہم کاری کرے اور خود کو قانون کے رحم وکرم پر چھوڑ دے۔

کیا عمران خان یہ سب کچھ کرپانے کی سکت رکھتے ہیں؟ ’اعتراف، معافی اور تلافی‘ کی مثلث کو پیش نظر رکھتے ہوئے اِس سوال کا جواب نفی میں ہے۔ عمران خان کے قبل از 9 ؍مئی اور بعداز9 ؍مئی کے کردار اور رویّوں پر نگاہ ڈالی جائے تو آج، سوا دو سال گزر جانے کے بعد بھی کوئی ہوش مند شخص یہ نتیجہ اخذ نہیں کرسکتا کہ موصوف کو اپنے کئے پر رتی بھر پشیمانی، ندامت یا پچھتاوا ہے۔ اِس فتنہ گری کے دو دِن بعد، 11 مئی کو، وہ اپنے ہونٹوں پر فاتحانہ مسکراہٹ سجائے، مرسڈیز میں سوار، ججوں کیلئے مخصوص دروازے سے گزرتے، جسٹس عمرعطا بندیال کی بارگاۂِ عدل میں پہنچے تو ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ کہہ کر اُن کا استقبال کیا گیا۔ ابھی بھسم کردی جانیوالی دفاعی تنصیبات سے دھواں اُٹھ رہا تھا جب عالی مرتبت چیف جسٹس نے زیرحراست ملزم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا’’آپ کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ آپ پولیس لائنز گیسٹ ہائوس میں رات گزاریں۔ گپ شپ لگائیں۔ سوجائیں اور صبح عدالت (اسلام آباد ہائیکورٹ) میں پیش ہوجائیں۔ آپ خاندان کے چھ ارکان بھی ساتھ رکھ سکتے ہیں۔ عدالت چاہتی ہے کہ آپ خود ملک میں فسادات کی مذمت کریں۔‘‘ خان صاحب نے فراخ دِل عدلیہ کی تمام نوازشات سے فائدہ اٹھایا لیکن 9 مئی کے فسادات کی مذمّت نہ کی۔

9 مئی پر عمران خان کا پہلا بے ساختہ ردّعمل یہ جُملہ تھا کہ ’’اگر رینجرز مجھے اِس طرح گرفتار کریں گے تو عوامی ردّعمل بھی انہی کے خلاف ہوگا۔‘‘ پھر کئی پیرہن تبدیل کرتے ہوئے، ’’کارگاہِ بیانیہ ساز‘‘ نے اس موقف کا جامۂِ زیبا پہنا کہ یہ سب کچھ فوج کا اپنا ’’فالس فلیگ آپریشن‘‘ تھا ۔ عمران خان، اُنکے سیاسی مقلدین اور پی ٹی آئی کے قائدین آج تک یہی بیانیہ لئے پھرتے ہیں۔ کچھ دِن قبل قائم مقام چیئرمین بیرسٹر علی گوہر نے 9 مئی کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو ہوگیا سو ہوگیا اب آگے بڑھنے کی بات کریں۔ اِس پر سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص نے سرزنش نما گرفت کرتے ہوئے فوری ردّعمل دیا ’’ہمارا 9 مئی سے کچھ لینا دینا نہیں۔ یہ فوج کا ’فالس فلیگ آپریشن‘ تھا جو ہمارے سرتھوپ دیاگیا۔‘‘ تین دِ ن قبل ایک معروف ٹی وی ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما اسد قیصر نے دبنگ لہجے میں یہی موقف دہرایا۔ سو کہاں کا اعتراف، کون سی معافی اور کیسی تلافی؟

9 ؍مئی سے پہلے بھی 9 ؍مئی جیسے کئی سرکس لگ چکے تھے۔ توشہ خانہ کیس میں عدالت سے مسلسل غیرحاضر اور طلبی کے درجنوں نوٹسز کو ردّی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا تو اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے۔ اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ لئے لاہور پہنچی۔ مقامی پولیس کی معاونت سے، ملزم کی گرفتاری کیلئے زمان پاک کا رُخ کیا تو پی ٹی آئی کارکنوں کے جتھے بارودخانہ بنے بیٹھے تھے۔ عین اُس وقت عمران خان نے ایک وڈیو پیغام جاری کیا ’’پولیس مجھے گرفتار کرنے کیلئے باہر آگئی ہے۔ ا نکا خیال ہے کہ عمران خان جیل میں چلا جائے گا تو قوم سو جائے گی۔آپ نے اس بات کو غلط ثابت کرنا ہے۔ آپ نے اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کرنی ہے اور باہر نکلنا ہے۔ اگر میں جیل چلا جاتا ہوں یا یہ مجھے مار دیتے ہیں تو بھی آپ نے ثابت کرنا ہے کہ عمران خان کے بغیر بھی قوم جدوجہد کرے گی۔‘‘ اِس پیغام نے کارکنوں کی رگوں میں چنگاریاں بھر دیں۔ وہ پولیس پر ٹوٹ پڑے۔ لاٹھیوں، پتھروں، غلیلوں اور پٹرول بموں سے لیس سپاہ نے ایسا حصار کھینچا کہ پولیس ملزم کی رہائش گاہ میں داخل نہ ہوسکی۔ کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو نذرِآتش کر دیاگیا۔ چونتیس زخمی ہسپتال پہنچے۔ اِن میں سے بتّیس پولیس اہل کار اور دو عام شہری تھے۔ کیا یہ بھی فوج کا ’’فالس فلیگ آپریشن‘‘ تھا؟ کیا پولیس پر حملہ کرنیوالے بلوائی دراصل فوجی تھے؟ کیا آتشیں وڈیو بیان آئی ایس پی آر نے جاری کیا تھا؟’معرکۂِ زمان پارک‘ کے چار دِن بعد، کم وبیش ایسا ہی میدانِ کارزار، اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے سجا۔ خان صاحب ایک بھاری بھرکم قافلہ لئے توشہ خانہ کیس میں حاضری کیلئے اسلام آباد آئے۔ پہلے تو عمائدین اور وکلا نے واویلا کیا کہ ایف8 کچہری میں بہت بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے۔ خان صاحب سیشن کورٹ میں پیشی کیلئے وہاں نہیں آسکتے۔ چنانچہ ملزم کی دلداری کیلئے عدالت، جوڈیشل کمپلیکس منتقل کر دی گئی۔ خان صاحب نے کہاکہ ’’میری جان کو خطرہ ہے، میں گاڑی سے نیچے نہیں اتروں گا۔‘‘ سینکڑوں کارکن نعرے لگاتے، گالیوں کی بوچھاڑ کرتے، گاڑی کے گرد جمع رہے۔ ناچار عدالتی اہل کار حاضری رجسٹر لے کر گاڑی میں گیا جہاں ملزم نے حاضری لگائی۔ بپھرے ہجوم میں سے جانے کون یہ رجسٹر بھی اُڑا لے گیا۔ اس معرکے میں بھی نو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ایک پولیس چیک پوسٹ، درجنوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو جلا دیاگیا۔ کیا 18 مارچ کی یہ غارت گری بھی فوج کا ’’فالس فلیگ آپریشن‘‘ تھا؟

اسی طرح کا ایک تماشا 27 مارچ کو بھی لگا۔ اب کے بھی عمران خان ایک ’عظیم الشان‘ جلوس لیکر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔ چیف جسٹس عمر فاروق نے وکیل سے پوچھا ’’آپ لوگ ٹرائل کورٹ چھوڑ کر یہاں کیوں آگئے ہیں؟‘‘ جواب ملا’’سر وہاں بہت ہجوم ہوتا ہے۔ میرے موکل کی جان کو خطرہ ہے۔‘‘ چیف جسٹس بولے’’ جب آپ ہزاروں لوگ ساتھ لیکر آئینگے تو امن وامان کا مسئلہ بھی پیدا ہوگا۔‘‘ یہ سلسلہ اسی طور چلتا رہا۔ کارکنوں کی جنگی مشقیں بھی جاری رہیں۔ عمران خان کو ’’ریڈ لائن‘‘ قرار دے ڈالا گیا۔ جذبات پر پیہم بارود پاشی ہوتی رہی۔ یہاں تک کہ 9مئی کو عمران خان گرفتار ہوئے اور آتش فشاں پھٹ پڑا۔

سوا دو سال بعد بھی، پی ٹی آئی، ’’اعتراف‘‘ سے کوسوں دور کھڑی، سارا الزام فوج کے سَر تھوپ رہی ہے۔ ایسے میں معافی کا تقاضا اور تلافی کی توقع، خوابِ پریشاں کے سوا کچھ نہیں۔ رہے سنجیدہ، بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات، تو پی ٹی آئی کسی ایسی ’مشقِ بے آب و رنگ‘ کیلئے بنی ہی نہیں۔ سو انتظار کیجئے اور دیکھیے کہ تُند موجوں میں گھری، چرچراتے چوبی تختوں، پھٹے بادبانوں اور شکستہ پتواروں والی اِس ناتواں کشتی پر کیا گزرتی ہے؟

تازہ ترین