پاکستان میں ٹی وی چینلز چلوانے، بند کروانے اور دوبارہ چلوانے کے لئے ہم سے رابطہ کریں ۔ ہمارے تیر بہدف نسخے، تعویز اور وظیفے بگڑی بات بنانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ ہمارے چاق وچوبند ماہرین پاکستان کے کونے کونے میں جادو ٹونے سمیت تمام سفلی عملیات کے جوہر دکھا رہے ہیں ۔ نیز کسی بھی کام، شخصیت، جماعت یا ادارے کا مکمل بھٹہ بٹھانے کے لئے کالے علم کی سہولت بھی موجود ہے ۔ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر آج ہی رابطہ کرکے اپنے من کی مراد پوری کریں ہماری شاخیں تمام صوبوں میں دور دور تک پھیلی ہوئی ہیں ، آزمائیں شرط ہے ۔ تاہم ملتے جلتے ناموں اور ٹریڈمارک وغیرہ کا خیال رہے کیونکہ ہمارے ہاں جعلسازی حد سے تجاوز کر چکی ہے اور اب تو جادو گر بھی جعلی آنے لگے ہیں ۔ علاوہ ازیں پراسرار واقعات رونما کروانے کے لئے کوالیفائڈ جنات اور بھتنے بھی انتہائی آسان شرائط پر دستیاب ہیں ۔
المشتہر :(محکمہ عملیات، پر اسرار نگر، اسلام آباد
٭ ٭ ٭ ٭ ٭ ٭
تعبیر درکار ہے
میں نے خواب دیکھا ہے کہ حکومت پاکستان نے جیو ٹی وی کو مستقل طور پر بند کروانے کے لئے اقوام متحدہ سے رجوع کر لیا ہے اور جناب بانکی مون صاحب نے یہ یقین دہانی بھی کروا دی ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر جیو ٹی وی کو بنی نو انسان کے لئے شدید خطرہ قرار دلوانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔نیز وہ اس امر کو بھی یقینی بنائیں گے کہ اقوام متحدہ کے اسلحہ انسپکٹر جیو ٹی وی کے تمام دفاتر پر چھاپے مار کر ہر قسم کا ایٹمی اسلحہ اور کیمیائی ہتھیار وغیرہ برآمد کریں۔ خواب کے اگلے حصے میں اچانک میری نظر اپنے قائد عمران خان پر پڑی جو غالباً درد یا بھوک سے بلبلا رہے تھے ۔ میں بانکی مون صاحب پر لعنت بھیج کر فوراً اپنے قائد کی طرف متوجہ ہوئی جنہوں نے بتایا کہ وہ ابھی ابھی موٹر سائیکل سے گرے ہیں اور مرہم پٹی کروا کے آئے ہیں ۔ خان صاحب نے شدت درد سے کراہتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی تمام عمر کھالیں، چندہ اور تبوت اکٹھے کرنے میں گزار دی ۔پہلی دو چیزوں میں تو انہیں بے پناہ ’’منافع ‘‘ ہوا مگر تبوت اکٹھا کرنے میں وہ بری طرح ناکام رہے ہیں ۔میں نے کچھ کہنا چاہا مگر میرے تیور دیکھ کر خان صاحب کو اندازہ ہو گیا کہ میں کوئی تنقیدی بات کروں گی۔ آپ نے اپنی غیر معمولی طور پر چھوٹی اور تقریباً مکمل طور پر بند آنکھوں سے مجھے گھورا جس پر میں سہم گئی لیکن پھر یہ سوچ کر کہ خواب میں خان صاحب میرا کیا بگاڑ لیں گے میں نے شعری زبان میں کچھ یوں دریافت کیا ۔
اے مرے عظیم قائد
تو ہمہ وقت جو
لڑنے مرنے کو تیار رہتا ہے
مجھے یہ تو بتا
کہ تو لیڈر ہے یا ککڑ ہے !
اس میں شک نہیں کہ شاعری کا یہ انداز نہایت واہیات تھا مگر خواب اور جنگ میں چونکہ سب جائز ہوتا ہے ۔ اس لئے خان صاحب نے بھی شعری ناپختگی پر غور کرنے کی بجائے ادھر ادھر دیکھنا شروع کر دیا مجھے فوراً سمجھ آ گئی کہ کوئی سوٹا یا ڈانگ وغیرہ تلاش کر رہے ہیں میری چیخ نکل گئی آپ تو جانتے ہی ہیں کہ میری تو فقط آواز ہی مان نہیں ،چیخ کا تو بیڑہ ہی غرق ہے چنانچہ وہی ہوا جس کا ڈر تھا خان صاحب صدمے کی تاب نہ لاتے ہوئے بیہوش ہو گئے موصوف گزشتہ ایک ہفتے میں یہ ایک سو دسویں بار بیہوش ہوئے تھے اور اسی مار دھاڑ میں میری بھی آنکھ کھل گئی ۔
اس بیوقوفانہ سے خواب کی تعبیر معلوم کرنے کے لئے میں نے بڑے بڑے جگا دریوں سے رابطہ کیا مگر کسی نے بھی ایسی تعبیر بیان نہیں کی جو دل کو لگتی ہو ۔
چنانچہ اپیل کرتی ہوں کہ خواب ہذا کی تعبیر بیان کرکے ثواب دارین حاصل کریں ۔شکریہ
المشتہر :(ڈاکٹر شیریں مزاری ، ڈبن پورہ لاہور
٭ ٭ ٭ ٭ ٭ ٭
انتباہ برائے کیبل آپریٹرز
ہر گاہ خاص و عام کیبل آپریٹر حضرا ت کو مطلع کیا جاتا ہے کہ جیو ٹی وی کی انتظامیہ نے ہوٹلنگ ،ٹور ازم اور شوگر انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا ارادہ کرتے ہوئے ٹی وی چینل کو اگلے دو سوسال تک بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔چنانچہ تمام کیبل آپریٹرز چینل ہذا کو اپنے اپنے علاقائی کیبل سے آف کرکے حب الوطنی کا مظاہرہ کریں بصورت دیگر انکی خبرگیری کا نہایت مناسب انتظام موجود ہے جس سے یہ احباب بخوبی آگاہ ہیں۔
کیبل آپریٹرز کو یہ تنبیہ بھی کی جاتی ہے کہ انسانی حقوق سے متعلق تنظیموں اور اسی قماش کے چند مخولیہ صحافتی گروپوں کی طرف سے چینل ہذا کے فوری اجرا سے متعلق شور شرابے پر ہرگز کان مت دھریں کیونکہ ان احمقوں کے پاس ماسوائے چغل خوری کے اور کوئی کام ہی نہیں ۔
المشتہر :(مکوٹھپ ایسوسی ایٹس اسلام آباد