سیلابی پانی کے باعث کرتارپور کا پورا علاقہ زیر آب آگیا، پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل ہو گیا۔
دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔
حکام نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب بھارتی ہائی کمیشن سے ملی معلومات پر انڈس واٹر کمشنر نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا۔
الرٹ کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے اطلاع دی ہے کہ ستلج میں ہیڈ ہریکے زیریں میں اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔
بھارتی ہائی کمیشن نے کہا کہ دریائے ستلج میں فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ راوی میں مادھوپور زیریں اور دریائے چناب میں اکھنور میں اونچے درجے کا سیلاب ہو گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ دیا ہے، مسلسل بارشوں کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج بپھر گئے۔
دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 6 لاکھ 96 ہزار 534 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
فلڈ فور کاسٹٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آئندہ 12 گھنٹے میں گنڈا سنگھ والا پر بہاؤ 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔