پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے پنجاب میں سیلاب کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے قوم کو اس مشکل گھڑی میں متحد ہونے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ وقت ہے جب ہر پاکستانی کو اکٹھا ہونا ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچائی جا سکیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ اس سخت وقت میں اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں کو جتنا ممکن ہو سکے امداد فراہم کی جائے۔
واضح رہے کہ بھارت نے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ دیا، مسلسل بارشوں کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج بپھر گئے۔
دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 6 لاکھ 96 ہزار 534 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
فلڈ فور کاسٹٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آئندہ 12 گھنٹے میں گنڈا سنگھ والا پر بہاؤ 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔